ممبئی،13؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)شیوسینانے اتر پردیش، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں بی جے پی کی جیت پر زعفرانی پارٹی کے خلاف سخت حملہ کیا ہے۔ شیو سینا نے اپنے ترجمان سامنا کے ذریعے بی جے پی پر بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر دباؤ ڈالنے کیلئے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔اس میں لکھا گیا ہے کہ یوپی انتخابات میں بی ایس پی کی موجودگی محض رسمی تھی۔ پارٹی سربراہ مایاوتی کو انتخابات سے دور رہنے پر مجبور کیا گیا۔ مایاوتی کی بی ایس پی یوپی الیکشن سے بھاگ گئی اوراس کے ووٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف موڑ دیے گئے۔اداریہ میں کہا گیا ہے کہ مایاوتی کبھی اتر پردیش کی سیاست میں رکاوٹ بن کر گھومتی تھیں، لیکن اب وہ غیر متناسب اثاثوں کے معاملے میں مرکزی ایجنسیوں کے دباؤکی وجہ سے انتخابات سے دور رہنے پر مجبور ہیں۔ ریاست میں انھوں نے ریاست کی 403/ اسمبلی سیٹوں میں سے صرف ایک پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کیا کوئی اسے قبول کر سکتا ہے؟ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا دباؤ بی جے پی کی جیت میں اہم عنصرہے۔شیوسینا نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاستی انتخابات میں بی جے پی کی جیت میں مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کادباؤایک بڑا عنصر ثابت ہوا۔ سامنا میں کہا گیا ہے کہ مایاوتی مرکزی ایجنسیوں کے دباؤکی واضح مثال ہیں۔ چار ریاستوں میں جیت کی خوشی نے بی جے پی اور اس کے لیڈروں کو بے چین کر دیا ہے۔ مضمون میں مہاراشٹر بی جے پی کے لیڈروں کو نشانہ بنایا گیا جو پارٹی کی جیت کا جشن منا رہے تھے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جیسے ہی اتر پردیش جیت گیا، مہاراشٹر کے بی جے پی لیڈروں نے کہنا شروع کر دیاہے کہ اتر پردیش کی جھانکی ختم ہو گئی، مہاراشٹر ابھی باقی ہے۔سامنا نے الزام لگایا کہ چار ریاستوں میں جیت کے پیش نظر بی جے پی اب یوکرین جنگ کے نام پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانے کیلئے آزادہے۔ مضمون کے مطابق بی جے پی کو اکثریت کے جادوئی اعداد و شمار (یوپی میں) سے 60 سیٹیں زیادہ ملی ہیں اور اس کیلئے پوری مرکزی طاقت داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ مرکزی ایجنسیاں مہاراشٹر میں سیاسی لیڈروں کا پیچھا کر رہی ہیں۔ اس میں طنز کیا گیاہے کہ مرکزی تفتیشی ایجنسیاں صرف سیاسی مخالفین کیلئے زیادہ حساس کیوں ہیں؟